تازہ ترین

Post Top Ad

Adstera 2

Monday, 31 August 2020

قائد اعظم کی مادر علمی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا 136 واں یوم تاسیس

آج پاکستان کی تاریخی درس گاہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا 136واں یوم تاسیس ہے۔

یکم ستمبر 1885میں سندھ کے دارلخلافہ کراچی میں قائم ہونے والے جدید تعلیمی ادارے کا بنیادی مقصد سندھ کے مسلمانوں کے بچوں کو جدید تعلیمی زیور سے آراستہ کرنا تھا،سندھ مدرستہ الاسلا م جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے تاریخی اور معتبر تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے۔

اس ادارے کو یہ امتیاز حاصل رہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنے تعلیمی کیرئیر کا سب سے زیادہ عرصہ 1887 تا 1892 تک اس ادارے میں گزارا، قائد اعظم محمد علی جناح کی یہ مادر علمی برصغیر پا ک وہند کے مسلمانوں کا علی گڑھ کالج کے بعد دوسرا جدید علمی ادارہ ہے،یکم ستمبر 1885 کو کراچی میں قائم ہونے والے اس عظیم ادارے کے سابق طلبانے قیام پاکستان اور اس کے بعد تعمیر پاکستان میں مرکزی کردار کیاہے۔

اس ادارے کو قائد اعظم محمد علی جناح نے 1943   میں یونیورسٹی کا درجہ دیا تھا اور یہ 2012 میں یونیورسٹی بنا، سندھ مدرسہ یونیورسٹی نے اپنے ایک سو پینتیس برسوں کے سفر میں ملک و قوم کی بڑی خدمت کی ہے، اس ادارے کے سابق طالب علموں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی خدمات قومی جذبے کے ساتھ انجا م دی ہیںیہ ایک چارٹرڈ یونیورسٹی ہے، جو ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان سے منظور شدہ ہے۔

یونیورسٹی نے اپنے سفر کا آغاز پانچ شعبوں سے کیا جس میں درس و تدریس کیلیے اعلیٰ قابلیت اور تجربے کے حامل تدریسی عملے کی تقرری کی گئی جن میں سے تقریباً آدھے افراد پی ایچ ڈی ہیں، ان میں شعبہ ایجوکیشن، بزنس ایڈمنسٹریشن، میڈیا اسٹڈیز، کمپیوٹر سائنس اور انوائرمینٹل اسٹڈیز شامل ہیں جبکہ اس وقت اس میں مزید پانچ اور شعبہ جات کا اضافہ کیا گیا ہے جن میں سوشل ڈیولپمنٹ، اکاؤنٹنگ ،بینکنگ اور فنانس، آرٹیفیشل انٹلیجنس، سافٹ ویئر انجینئرنگ اور شعبہ انگلش شامل ہیں۔

یونیورسٹی کا سٹی کیمپس کراچی کے کمرشل حب  آئی آئی چندریگر روڈ کے نزدیک حبیب بینک پلازہ کے قرب میں واقع ہے یہ ساڑھے آٹھ ایکڑ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور جس میں کالونیل دور کی خوبصورت عمارات بھی موجود ہیں یہا ں کی حسن علی آفندی لائبریری میں بیس ہزار سے زائد کتابیں موجود ہیں۔

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے پاس جدید ترین کمپیوٹر لیبارٹریز میں سے ایک انفارمیشن ٹیکنالوجی لیبارٹری ہے۔ یونیورسٹی نے اپنے طالب علموں کومفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر رکھی ہے ، یونیورسٹی کا ایف ایم ریڈیو ’وائس آف ایجوکیشن‘ (فریکوئنسی 96.6)کے نام سے بہت سے سامعین کی توجہ حاصل کر رہا ہے، یونیورسٹی سٹی کیمپس میں توسیع اور ایجوکیشن سٹی (نزدڈی ایچ اے سٹی)، کراچی کے نزدیک ایک اور کیمپس کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جہاں 100 ایکڑ زمین ایس ایم آئی یو کو مختص کی گئی ہے، سٹی کیمپس میں اس وقت دو ٹاورز تعمیر ہوچکے ہیں۔

سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں طالب علموں میں تحریر اور تحقیق کی صلاحیتیں پیدا کرنے کیلیے سیمینارز اور کانفرنسز بھی منعقد کی جاتی ہیں، اس کے ساتھ طالب علموں کی مختلف سوسائٹیز بھی قائم کی گئی ہیں، فیکلٹی کو بھی تحقیقی عمل میں شامل کرنے کیلیے ان کے ریسرچ جرنلز شایع ہورہے ہیں، شعبہ میڈیا اسٹڈیز اینڈ کمیونی کیشن کے طالب علم پندرہ روزہ اخبار بھی نکالتے ہیں۔

وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن کا کہنا ہے کہ انکا عزم ہے کہ وہ بانی پاکستان قائد اعظم کی مادر علمی کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیز کی سطح پر لے جائیں۔

The post قائد اعظم کی مادر علمی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کا 136 واں یوم تاسیس appeared first on ایکسپریس اردو.



source https://www.express.pk/story/2075140/1

No comments:

Post a Comment

please do not enter ant\y spam link in comment box

Post Top Ad

مینیو