اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور کے موقع پر خصوصی پیغامات جاری کیے جن میں ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی شہادتِ عظمیٰ کی لازوال قربانی کی یاد کو تازہ کررہے ہیں، تاریخ اسلام میں اس دن کوایک الگ رفعت و بلندی اورخاص اہمیت حاصل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کا کہنا کہ امام عالی مقام کی شہادت اورواقعہ کربلا کی بدولت اس دن کی خاص اہمیت ہے، اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ واحیا کے لیے کسی بھی قربانی کوراہ خدا میں نچھاور کر دینا ہی عزیمت اور کامیابی ہے، جذبہ شبیریؓ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے، اسواہ حسینؓ کاپیغام ہرقلب سلیم کیلئے ہےکہ وہ راہ حق میں ہر پریشانی کو خندہ پیشانی سے قبول کرے، اسی جذبہ سے ہم وطن عزیز اور اقوام عالم میں قابل ذکر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور پر بھارتی سامراج سے برسرپیکار کشمیریوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہیے، مظلوم کشمیریوں نے حق پرقائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا، کشمیریوں نےکربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنادیا، گزشتہ کچھ عرصہ سے کرونا کی وبا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لےرکھا ہے، اللہ کی مدد، بروقت اقدامات اور قوم کے تعاون سے وبا کے پھیلاؤ پرکافی حد تک قابو پالیا گیا۔
ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
عمران خان کا کہنا تھا کہ محرم تقاریب میں بھی حکومت کی طرف سے جاری احتیاطی تدابیر پرضرور عمل پیرا ہوں، کرونا سے محفوظ ماحول میں یوم عاشور فرقہ واریت اورتعصب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے منائیں، یوم عاشور کے موقع پر امن وامان کو بھی یقینی بنایاجائے، جلد کرونا کو مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ نے شہادت پاکر تاریخ اسلام میں اس دن کوقیامت تک کیلئےخاص بنادیا، باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جان کانذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیئے، شہادت امام حسینؓ درحقیقت حق کی فتح، ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور ایثاروقربانی کا استعارہ ہے، محرم الحرام بڑی سے بڑی آزمائش کامقابلہ کرنے کا جذبہ صادق عطاکرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے مثالی نظم وضبط سے کروناجیسی عالمی وبا پر کامیابی سے قابو پایا، کرونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں، ہمیں مزید احتیاط کرنےکی ضرورت ہے، توقع ہے قوم یوم عاشور پر بھی کرونا سے متعلق حفاظتی تدابیر پرعمل کریگی، آئیں عہدکی تجدیدکریں کہ ہم اُسوہ حسینؓ پر عمل پیرا رہیں گے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ حق کی سر بلندی، انصاف، اسلامی روایات کی پاسداری اور ملکی ترقی کا ہر کام کریں گے، فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کو بالائے طاق رکھ کرملکی ترقی کے لیے کام کرنا ہے، دعا ہے یہ اسلامی سال پاکستان کی ترقی وخوش حالی کا سال ثابت ہو۔
The post وزیراعظم اور صدرمملکت کے یوم عاشور کے موقع پر خصوصی پیغامات appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3b6i3ig
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box