تازہ ترین

Post Top Ad

Adstera 2

Tuesday, 2 February 2021

کراچی سے لاپتہ شہری کی مالاکنڈ حراستی مراکز میں موجودگی کا پتہ چل گیا

 کراچی: 5 سال سے لاپتہ شہری کی موجودگی کا پتہ چل گیا۔ لاپتہ عبد الرحمان کے اہلخانہ نے آگاہ کردیا کہ وہ مالاکنڈ حراستی مراکز میں ہے ملاقات کرائی جائے، سندھ ہائیکورٹ نے ملاقات کے لیے سیکرٹری دفاع اور داخلہ کو اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں لاپتہ شہری عبد الرحمان کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ اہلخانہ نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ عبد الرحمان مالاکنڈ حراستی مراکز میں ہے، ہماری درخواست ہے کہ اس سے ملاقات کرائی جائے اور اسے رہائی دلوائی جائے۔

عدالت نے عبدالرحمان کے اہلخانہ سے ملاقات کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے اگر عبدالرحمن کسی کیس میں نامزد نہیں تو رہا کیا جائے۔ عدالت نے ملاقات کے لیے سیکرٹری دفاع اور داخلہ کو اقدامات کرنے کا حکم دیدیا۔

علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جواب طلب کرلیا۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

اہلخانہ نے بتایا کہ محمد طویل عرصہ قبل لاپتہ ہوا کچھ معلوم نہیں چلا، پولیس کچھ بتانے کو تیار ہے نہ بازیاب کرایا جا رہا ہے۔

لاپتہ افراد بازیاب نہ کرانے پر عدالت برہم ہوگئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریمارکس دیئے 10سے 12 جے آئی ٹیز کے باوجود رزلٹ صفر نکلتا ہے، وفاقی حکومت لاپتہ افراد کو حراست میں رکھنے سے متعلق آگاہ کرے۔ عدالت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جواب طلب کرتے ہوئے پوچھا بتایا جائے کیا کراچی سے لاپتہ افراد کے پی کے حراستی مراکز میں ہیں۔

دریں اثنا ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر وفاقی سیکرٹری دفاع اور داخلہ کو تنبیہ جاری کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیے اگر حراستی مراکز سے متعلق رپورٹ پیش نہ کی تو سیکرٹری دفاع، داخلہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں جسٹس عبد المبین لاکھو پر مشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

معمر خاتون صغیرہ النسا نے عدالت میں آہ و بکا اور دہائی دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی کا ڈر خوف نہیں، میں مر رہی ہوں میرا بیٹا واپس لا دو۔ ہر ماہ کورٹ آتی ہوں، بلڈ پریشر ہائی ہونے لگا ہے، کوئی تو بتائے، میرا بیٹا کہاں ہے، 6 سال ہو گئے، کوئی کچھ بتانے کو تیار نہیں، میں عدالتوں کے دھکے کھاتی مر جاؤں گی۔

جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے ہم کوشش بھرپور کر رہے ہیں۔ معمر خاتون نے کہا کہ فرقان کو 6 سال پہلے رینجرز نے اٹھایا۔

رینجرز کے وکیل نے رینجرز کے اٹھانے کی تردید کی۔ عدالت نے طریقہ تفتیش پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے جے آئی ٹیز پیش رفت کرنے میں ناکام رہیں۔

عدالت نے وفاقی سیکرٹری دفاع اور داخلہ کو تنبیہ جاری کرتے ہوئے حراستی مراکز سے متعلق رپورٹ طلب کرلی اور ریمارکس دیئے اگر رپورٹ پیش نہ کی تو سیکرٹری دفاع اور داخلہ ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔

The post کراچی سے لاپتہ شہری کی مالاکنڈ حراستی مراکز میں موجودگی کا پتہ چل گیا appeared first on ایکسپریس اردو.



source https://www.express.pk/story/2138409/1

No comments:

Post a Comment

please do not enter ant\y spam link in comment box

Post Top Ad

مینیو