کراچی: سمندر کے کنارے بسنے والے شہری پینے کے پانی کی قلت کاشکار ہیں جب کہ کئی علاقوں میں کئی روز سے صاف پانی کی فراہمی نہ ہوسکی۔
ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہر کے باسی بنیادی سہولت پانی سے بھی محروم ہیں،لانڈھی ،کورنگی، ملیر،ناظم آباد،گلستان جوہر،لیاری ،کھارادر، بلدیہ ٹاؤن،شاہ فیصل کالونی ،نارتھ کراچی ،نیوکراچی ،سرجانی ٹاؤن کے کئی علاقوںمیں صاف پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔
نیوکراچی گودھرا کالونی کے مکینوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر گودھرا چوک پر دھرنا دیا اور متعلقہ حکام کے خلاف نعرے لگائے ، احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی جس کی وجہ سے عام شہریوں کو مشکلات اور دقت کا سامنا کرنا پڑا۔
مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی نے مکینوں کو دہری مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، شدید گرمی میں نہ تو گھروں میں بجلی ہے اور نہ ہی پانی آخر کس کے در پر جا کر فریاد کریں جو مجبور اور بے بس عوام کی سن کر انھیں زندگی کی بنیادی سہولت کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کر سکے تاہم احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل مظاہرین کو بات چیت کے بعد منتشر کر کے ٹریفک بحال کرا دیا۔
تحریک تحفظ دفاع پاکستان کے رہنما سید وسیم پاشا نے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لانڈھی اور کورنگی کے کئی علاقوں میں ازخود پانی کی لائنیں ڈال کر شہریوں کا پانی چوری کیاجارہاہے، لانڈھی کے علاقے خرم آباد میں بااثر افراد مبینہ طور پر لائن مینوں سے ملی بھگت کرکے اپنے علاقے میں زیادہ پریشر سے والو کھلواتے ہیں۔
انھوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو،وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے مطالبہ کیا کہ قلت آب کے شکار ہزاروں افراد کا مسئلہ حل کیا جائے ،پانی کی جلد از جلد فراہمی کو مکمن بنایاجائے ۔
The post کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت، ہزاروں مکین پریشان appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2196577/1
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box