اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے روابط پچھلے 75 سالوں میں مثالی رہے ہیں، یہی وقت ہے کہ پاک سعودی تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے روڈ میپ بنایا جائے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر، کمرشل اتاشی، پاکستانی کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے تاجران اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پچھلے 75 سالوں میں مثالی رہے ہیں اور سعودی عرب نے سیاسی، سفارتی اور معاشی محازوں پر ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ پاکستان اور سعودی عرب یک جان اور دو قالب ہیں، مجھے سعودی وفد سے ملاقات کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ انتہائی مفید رہا جس کے دوران سعودی لیڈرشپ نے اس عزم کو دہرایا کہ سعودی عرب ہر سطح پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا، ہمیں مختلف امور پر گفتگو کا بھرپور موقع ملا ، سعودی عرب کے دورے کے دوران ہمیں پاکستان میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کا موقع ملا اور سعودی عرب نے پاکستان میں ایک ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی ہے اس اعتماد پر ہم سعودی لیڈر شپ کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہی وقت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت بڑھانے اور معاشی تعلقات مزید بہتر بنانے کے لیے روڈ میپ بنایا جائے، پاکستان میں ہر شعبے میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں، سعودی عرب نے حالیہ سالوں میں بہت ترقی کی ہے اور سعودی عرب نے اپنے اسلامی تشخص اور کلچر کو برقرار رکھتے ہوئے ماڈرنائزیشن کو اپنایا ہے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان میں سعودی کمپنیوں اور تاجران کو درپیش تمام مسائل حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کے جائیں، پاکستان اور سعودی عرب کی کاروباری برادری تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتی ہیں۔
The post یہی وقت ہے کہ پاک سعودی تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے روڈ میپ بنایا جائے، وزیراعظم appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2338625/1

No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box