کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی کی انتظامیہ نے کراچی کی دیگر سرکاری جامعات کے ساتھ فیسوں کا تقابلی جائزہ پیش کردیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جامعہ اردو کی فیسیں دیگر تین سرکاری جامعات کے مقابلے میں کم ہیں۔
وفاقی جامعہ اردو کی انتظامیہ نے کراچی کی جن تین سرکاری جامعات سے فیسوں کا تقابل کیا ہے ان میں جامعہ کراچی، سندھ مدرسہ الاسلام یونیورسٹی اور لیاری یونیورسٹی شامل ہیں۔
تقابلی جائزہ اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین کی منعقدہ پریس کانفرنس میں ذرائع ابلاغ کو فراہم کیا گیا، اردو یونیورسٹی کے ٹریژرار پروفیسر اقبال حسین کے مطابق فیسوں کا تقابلی جائزہ متعلقہ جامعات کی ویب سائٹ پر موجود معلومات سے ہی حاصل کیا گیا ہے جس میں غلطی کی گنجائش موجود نہیں۔
تقابلی جائزہ رپورٹ کے مطابق اردو یونیورسٹی شعبہ عربی کے 2023 میں داخلہ لینے والے طلبا سے اضافے کے بعد 15600 روپے فی سیمسٹر وصول کررہی ہے جبکہ اسے شعبے کی جامعہ کراچی میں فیس 18 ہزار فی سیمسٹر ہے۔
اسی طرح شعبہ انگریزی کی اردو یونیورسٹی کی فیس 15600 جبکہ جامعہ کراچی کی 24 ہزار اور لیاری یونیورسٹی کی 22 ہزار روپے ہے، شعبہ سندھی کی فیس 15600 ، جامعہ کراچی کی 18 ہزار روپے اور لیاری یونیورسٹی کی 22 ہزار روپے ہے۔
شعبہ اردو کی وفاقی یونیورسٹی کی فیس 15600 ، جامعہ کراچی کی 18 ہزار اور لیاری کی 22 ہزار روپے فی سیمسٹر ہے، اردو یونیورسٹی میں شعبہ ابلاغ عامہ کی فیس 15600 اور جامعہ کراچی کی 24 ہزار روپے ہے، شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں اردو یونیورسٹی فی سیمسٹر 15600 روپے لے رہی ہے جبکہ جامعہ کی فیس 24 ہزار اور لیاری یونیورسٹی نے یہ فیس 22 ہزار روپے مقرر کی ہے۔
شعبہ نفسیات میں اردو یونیورسٹی کی فیس 15600 روپے فی سیمسٹر اور جامعہ کراچی کی 24ہزار روپے ہے، بی ایڈ کی اردو یونیورسٹی کی فیس 29400 ، جامعہ کراچی کی 24 ہزار اور لیاری یونیورسٹی کی 22 ہزار روپے ہے، اس طرح اس شعبہ میں اردو یونیورسٹی دیگر دونوں جامعات سے زیادہ فیس لے رہی ہے۔
بی ایس کامرس کی اردو یونیورسٹی کی فیس 22500، جامعہ کراچی کی 32500 اور لیاری کی 22 ہزار روپے ہے، انوائرمینٹل سائنس میں اردو یونیورسٹی کی فیس 30350 روپے اور جامعہ کراچی کی فیس 48500 روپے ہے۔
کیمسٹری کے شعبے کی اردو یونیورسٹی کی فیس 29400 روپے فی سیمسٹر اور جامعہ کراچی کی 30 ہزار روپے ہے، شعبہ ریاضی میں اردو یونیورسٹی کی فیس 29400 ، جامعہ کراچی کی 26500 روپے اور سندھ مدرسۃ الاسلام کی 66 ہزار روپے فی سیمسٹر ہے، اس طرح اس شعبے میں جامعہ کراچی کم فیس لے رہی ہے۔
شعبہ خرد حیاتیات کی اردو یونیورسٹی کی فیس 29400 اور جامعہ کراچی کی 30 ہزار روپے فی سیمسٹر ہے۔ ایل ایل بی کی اردو یونیورسٹی کی فیس 78 ہزار روپے جبکہ جامعہ کراچی کی فیس 65500 روپے ہے، اس شعبہ میں بھی اردو یونیورسٹی زیادہ فیس لے رہی ہے۔
بی بی اے میں اردو یونیورسٹی فی سیمسٹر 43200، جامعہ کراچی 78500، سندھ مدرسۃالاسلام 65500 جبکہ لیاری یونیورسٹی 25300 روپے لے رہی ہے۔ کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں اردو یونیورسٹی 44850، جامعہ کراچی 60500، سندھ مدرسہ 59 ہزار اور لیاری یونیورسٹی 25300 روپے فی سیمسٹر لے رہی ہے۔
فارمیسی کے شعبے میں اردو یونیورسٹی کی فیس 68750 رو پے ، جامعہ کراچی 54500 اور لیاری کی فیس 50500 روپے فی سیمسٹر ہے۔
واضح رہے کہ اردو یونیورسٹی نے دوران سیشن فیسوں میں 50 فیصد اور اس سے بھی زائد اضافہ کرتے ہوئے اس کا اطلاق تمام بیجز پر کردیا ہے جس کے بعد طلبا کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے جبکہ یونیورسٹی کا موقف ہے کہ ایچ ای سی کی جانب سے گرانٹ میں اضافہ نہ ہونے کے سبب ایسا کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔
The post وفاقی اردو یونیورسٹی کی انتظامیہ کا فیسیں دیگر سرکاری جامعات سے کم ہونے کا دعویٰ appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2528797/1
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box