مذہبی طور پر اپنایا جانے والا حجاب اب ایک طرح سے جدید فیشن کا حصہ بن چکا ہے۔
اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں کی حجاب لینے والی لڑکیاں اب اس میں فیشن کو بھی ملحوظ خاطر رکھتی ہیں۔ حجاب میں فیشن کا پہلو نظرانداز کرنا نہیں چاہتیں، اسی لیے فیشن میں کیا اِن ہے کیا آؤٹ، وہ اس بات کا دھیان رکھتی ہیں۔
بات کی جائے کہ عبایا میں کون کون سے رنگ زیادہ پسند کیے جا رہے ہیں تو آج کل سبز، نیلا، گلابی، اسکن ، لائٹ براؤن اور سفید رنگ کے عبایا اور اسکارف کا استعمال عام ہے۔ اس کے علاوہ عربی، ترکی، اور انڈونیشین اسکارف کا فیشن مقبول ہواتا جا رہا ہے، جو دیکھنے میں بھی خوش نما نظر آتا ہے۔ یہ رجحان اس قدر بڑھ چکا ہے کہ بہت سی مغربی خواتین بھی اس کا استعمال کر رہی ہیں۔ کئی ملازمت پیشہ خواتین اور دورانِ شاپنگ خواتین اسکارف اوڑھ کے جاتی ہیں۔ بہت سی شادی شدہ خواتین بھی اسکارف اور عبایا پہننے کو ترجیح دیتی ہیں۔
پہلے پہل سیاہ رنگ کا عبایا بہت عام تھا، لیکن اب عبایا میں بے شمار رنگوں کا فیشن آگیا ہے۔ دیکھا جائے تو بظاہر عبایا کی روایتی شکل میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ اب بھی عام طور پر عبایا ڈھیلا ڈھالا، لمبی آستینوں والا اور اوپر سے نیچے تک جسم کو ڈھانپتا ہے۔ ڈیزائنرز نے البتہ عبایا میں کچھ اضافوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو محسوس کر لیا ہے۔ آستینوں پر کشیدہ کاری، قیمتی موتیوں اور پتھروں کا جڑاؤ، عبایا کو مزید دل کش بنا دیتا ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں خواتین میں عبایا پہننے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ مختلف رنگوں اور ورائٹی کے ساتھ ساتھ مختلف نوعیت کے ملبوسات کو فیشن اور جدت سے آشنا کرنے والے مختلف انداز کے عبایا دنیا بھر کے علاوہ پاکستان میں بھی مقبول ہو رہے ہیں۔ جس میں اردن، مصر، شام اور سعودی عرب کے علاوہ انگ رکھا اسٹائل کے عبایا بھی خواتین میں دل چسپی کا محور بنے ہوئے ہیں۔ موجودہ دور میں متعارف کروائے جانے والے عبایا اور ان کے نت نئے اسٹائل کے ساتھ ساتھ مشرقی روایات کے ثقافتی رنگ بھی شامل کر لیے گئے ہیں، جو عورت کی خوب صورتی کو بڑھاتے ہوئے اور بھی جاذب نظر بنا دیتے ہیں۔
اسکارف اوڑھنے کے بھی بے شمار طریقے ہیں۔ بہت سی خواتین اسکارف پہننے سے قبل بالوں کا اونچا سا جوڑا بنا لیتی ہیں۔ اس طرح سر پر اوپر اٹھتے ہوئے اسکارف کی فال نیچے تک آجاتی ہے، جو دیکھنے میں بہت بھلی معلوم ہوتی ہے۔ اسکارف کو باندھنے کے لیے گرہ بھی لگائی جاتی ہے اور چنٹ دار انداز میں پن بھی لگائی جاتی ہے۔ عام اسکارف کو سادہ پن سے باندھا جاتا ہے، جب کہ تقریبات میں استعمال ہونے والے اسکارفوں کو خوب صورت ’بروچ‘ سے باندھا جاتا ہے۔آج کل زری، اور موتی والے اسکارف بھی بازاروں میں عام ہیں، جنہیں خواتین بہت شوق سے خریدتی ہیں۔ روز مرہ زندگی کے پہناوے سے لے کر تقریبات کے ملبوسات تک اسے مختلف انداز میں استعمال کیا جاتا ہے۔
The post عبایا؛ حیا اور نسوانیت کا ایک پروقار انداز appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/1951592/1
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box