کراچی: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشیں شروع ہو گئی ہیں، کراچی میں بھی آج بارش کا امکان ہے، جب کہ بلتستان میں ایک بار پھر برف باری شروع ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آیندہ 24 گھنٹوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش سے سردی میں اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت 9 ڈگری تک گر سکتا ہے، مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 24 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار 10 کلو میٹر، نمی کا تناسب 75 فی صد ریکارڈ کیا گیا، شہر میں سائبیریائی ہوا کا سسٹم بدھ سے ہفتے تک رہے گا۔
راولپنڈی میں آسمان پر کالے بادل چھا گئے ہیں، بعض علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ لاہور شہر اور نواحی علاقوں میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا، آیندہ 24 گھنٹوں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی ہے، جھنگ شہر اور گرد و نواح میں بھی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جلالپور بھٹیاں، جڑانوالہ، گوجرانوالہ، کہروڑ پکا، چیچہ وطنی، فیروزوالا، پھول نگر، شیخوپورہ، فیصل آباد، کالا باغ اوکاڑہ، رینالہ خورد، شور کوٹ، گجرات، سکھیکی میں بارشیں ہوئیں جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔
خیبر پختون خوا کے شہر بٹگرام کے مختلف علاقوں اور مالاکنڈ میں بھی بارش ہوئی ہے جب کہ بالائی علاقوں میں برف باری شروع ہو گئی ہے، جہاں 3 سے 4 فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی، بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
شمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری دوسرے روز بھی جاری ہے، قلعہ عبداللہ، پشین، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ، گلستان اور چمن میں بارش ہو رہی ہے، وادیٔ زیارت، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں درجہ حرارت منفی 7 تک گر گیا، گلستان، قلعہ عبداللہ، خانوزئی، کوژک ٹاپ پر درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا، دوسری طرف چمن میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بلتستان بھر میں ایک بار پھر برف باری شروع ہو گئی ہے، اسکردو میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 13 ریکارڈ کیا گیا، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 24 برقرار ہے، بلتستان بھر میں برف باری آیندہ 24 گھنٹے جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، میدانی علاقوں میں 2 انچ، بالائی علاقوں میں 5 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔
لاہور میں قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر بارش کے باعث پھسلن پیدا ہو گئی ہے، موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر ٹھوکر نیازبیگ، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور، احمد پورشرقیہ، موسیٰ وال، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک اور لودھراں میں بارش سے سڑکوں پر پھسلن ہے۔
The post ملک بھر میں بارشیں، کراچی میں بھی امکان، بلتستان میں برف باری پھر شروع appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/2uklbWl
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box