کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والی ایئر لائنز، اداروں اور کمپنیوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق غیر ملکی ایئرلائنز، سفارت خانوں اور آپریٹرز کی جانب سے تاحال پیڈ ٹیکس چالان اور سرٹیفکیٹ جمع نہیں کروایا گیا ہے، جس پر سی اے اے نے انھیں وارننگ جاری کر دی ہے۔
ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والوں کی فہرست میں 397 ایئرلائنز، فلائنگ کلبز، سفارت خانے اور ایوی ایشن سروسز شامل ہیں۔
سی اے اے کے مطابق ایئر لائنز کی فہرست میں ایئر فرانس، چارٹر، برٹش ایئر، ایئر کینیڈا، قطر ایئر، ایمریٹس، اتحاد ایئر، گلف ایئر، ترکش ایئرلائن سر فہرست ہیں، ایئر زمبابوے، آسٹرین ایئر لائن، بحرین ایئر، چائنا ایئر لائن، مالنڈو ایئر، ڈی ایچ ایل ایوی ایشن، فلائی دبئی، فلائی ناز سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔
بنگلہ دیش، ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چائنا، کوریا، انڈونیشیا، عراق، کویت کے سفارت خانے بھی اس فہرست میں شامل ہیں، دیگر سفارت خانوں میں جاپان، قطر، کرغیزستان، ناروے، سری لنکا، تھائی لینڈ، ساؤتھ افریقہ، ایتھوپیا، روس، نیوزی لینڈ، جرمن اور اسپین کے سفارت خانے شامل ہیں۔
فلائنگ کلبز میں لاہور فلائنگ کلب، ملتان فلائنگ کلب، کراچی ایرو کلب، پشاور فلائنگ کلب، فیصل آباد شاہین فلائنگ کلب شامل ہیں جب کہ دیگر اداروں میں ایدھی فاؤنڈیشن، سیرین ایئر، ایئر بلیو، عسکری ایئر، پنجاب حکومت، سندھ حکومت اور بلوچستان حکومت بھی شامل ہیں۔
سی اے اے کا کہنا ہے کہ اداروں کی جانب سے مالی سال 20-2019 کے بلز کے ٹیکس پیمنٹ چالان جمع نہیں کروائے گئے، متعلقہ ادارے مالی سال 20-2019 کے ٹیکس پیمنٹ چالان جلد از جلد جمع کروائیں، اس سلسلے میں ڈائریکٹر فنانس سی اے اے شاہد علی کی جانب سے متعلقہ نادہندہ اداروں کو مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
The post ٹیکس چالان جمع نہ کروانے والی ایئر لائنز اور اداروں کو وارننگ جاری appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3jWCPVJ
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box