کراچی: میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کی دستاویزات کی ایکویلنس اور ویریفیکیشن شروع ہوتے ہی ضیاء الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ نے اپنے امتحانی عمل اور کاپیوں کی جانچ کے نظام سے آگہی کے سلسلے میں آئی بی سی سی(انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز) کا طے شدہ دورہ ملتوی کرادیا۔
آئی بی سی سی کی جانب سے ضیا الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کا یہ دورہ یکم دسمبر کو ہونا تھا جس میں کراچی کے علاوہ پنجاب، کے پی کے اور آزاد جموں کشمیر سے ماہرین تعلیم و بعض چیئرمین بورڈز کو شریک ہونا تھا تاہم آئی بی سی سی اسلام آباد کے ذرائع کے مطابق جیسے ہی آئی بی سی سی نے ضیا الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے طلبہ کی دستاویزات کی تصدیق کا عمل شروع کیا۔
اسی اثنا میں ضیاالدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے ایگزیکیٹو ڈائریکٹر اختر غوری کی جانب سے ایک خط کے ذریعے سیکریٹری آئی بی سی سی کو اطلاع دی گئی ہے کہ بورڈ میں ملازمت کرنے والے افراد میں سے کچھ کورونا 19 کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ کچھ ملازمین آئیسولیٹ ہوگئے ہیں لہذا فوری طور پر یہ دورہ ممکن نہیں ہے اس دورے کے التوا سے بورڈ کی جانب سے میٹرک اور انٹر کے امتحانات اور امتحانی کاپیوں کی اسسمنٹ اور ٹیبولیشن کے طریقہ کار سے متعلق آئی بی ایم سی کی جانب سے شروع ہونے والا ’’ایویلیو ایشن ‘‘ کا عمل ناصرف رک گیا ہے بلکہ اس پر شکوک وشبہات بھی پیدا ہوگئے ہیں۔
اس سلسلے میں ضیاء الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کی جانب سے بھجوائے گئے گزٹ کی ابتدائی چھان بین شروع کی گئی ہے اسلام آباد کے ذراؤ کہتے ہیں کہ اس گزٹ میں بعض جگہوں پر ایک ہی رول نمبر ایک سے زائد طلبہ کو جاری کیا گیا ہے اور ایک بڑی تعداد میں رول نمبرز کے رزلٹ withheld کیے گئے ہیں، یاد رہے کہ ضیاالدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ نے آئی بی سی سی سے پاکستان بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کی طرز پر رکنیت کی درخواست کی تھی۔
جب آئی بی سی سی کی سب کمیٹی کی جانب سے ضیاالدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کی ایکٹ کی پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ ایکٹ میں اس بات کا تو تذکرہ موجود ہے کہ آئی بی سی کا نمائندہ ضیا الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کے ایگزیکیٹو بورڈ کا رکن ہوگا تاہم اس بات کا ذکر موجود ہی نہیں کہ خود مذکورہ بورڈ بھی آئی بی سی سی کا رکن ہوگا جو ضیا الدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کی آئی بی سی میں مستقل رکنیت میں بڑی رکاوٹ ہے جس پر آئی بی سی سی نے اپنی سب کمیٹی کی سفارش پر بورڈ کو پاکستان بھر کے تمام تعلیمی بورڈز کے اس فورم میں عارضی رکنیت provisional membership دی ہے۔
علاوہ ازیں آئی بی سی سی کے گزشتہ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا تھا کہ چونکہ مذکورہ بورڈ کے’’ ایویلیو ایشن سسٹم‘‘ کے حوالے سے مسلسل شکایات موصول ہورہی ہیں لہذا چیئرمین آئی بی سی سی ، سیکریٹری آئی بی سی سی ، ادارے کے افسران اور دیگر نامزد ماہرین انسپیکشن کیلیے ضیاالدین یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ کا دورہ کریں گے۔
The post آئی بی سی سی ضیاالدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کا دورہ نہ کرسکی appeared first on ایکسپریس اردو.
source https://www.express.pk/story/2111480/1
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box