کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر میں اے وی سی سی اور سی پی ایل سی کی ایک مشترکہ کارروائی میں 3 بین الصوبائی اغوا کار ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی (اینٹی وائلنٹ کرائم سیل) اور سی پی ایل سی نے منگھوپیر کراچی، لاڑو گوٹھ میں ایک مشترکہ کارروائی کی، مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک ہو گئے جب کہ 2 مغویوں کو بازیاب کر لیا گیا۔
اے وی سی سی کے ایس ایس پی عبداللہ احمد نے بتایا کہ منگھوپیر میں مقابلے کے بعد تین اغوا کار مارے گئے ہیں، جن کا تعلق بین الصوبائی اغوا برائے تاوان گروہ سے تھا، ہلاک ملزمان کی شناخت علی گوہر، نوکاف اور شفیع اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران دو مغوی بھی بازیاب کرا لیے گئے، محسن مری اور ذوالفقار وسان کو سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سے 23 اپریل کو اغوا کیا گیا تھا، اور اغوا کاروں نے مغویوں کی رہائی کے لیے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
ایس ایس پی عبداللہ احمد کے مطابق اغوا کے اس واقعے کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج ہے، ہلاک اغوا کاروں نے 2020 میں بھی عبدالجبار نامی شخص کو اغوا کر کے تاوان لیا تھا، جس کا مقدمہ سرجانی تھانے میں درج ہے، اس وقت ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
ادھر ٹنڈو محمد خان کے علاقے ٹنڈو غلام حیدر کے قریب بھی پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ہوا، ایس ایس پی ٹندو محمد خان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ڈاکو مدد ملاح اور محمد موسیٰ زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے، جن سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
The post کراچی میں 3 بین الصوبائی اغوا کار ہلاک appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3gZXAR9
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box