لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شہباز شریف تہجد کے وقت اٹھتے ہیں اور فجر کی نماز پڑھ کر عوام کی خدمت میں حاضر ہوجاتے ہیں۔
پی پی 158 میں انتخابی مہم کے سلسلے میں دھرم پورہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ یہ ایک حلقہ کا جلسہ نہیں لگ رہا بلکہ ایسا لگ رہا ہے جیسے لاہور کا جلسہ ہو، نوجوان نوازشریف کے نام پر اچھلنا شروع ہوجاتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ موجودہ حکومت کو دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھانا پڑیں، جس کی وجہ پی ٹی آئی حکومت کا آئی ایم ایف سے کیا گیا معاہدہ ہے، عوام جانتے ہیں قیمتیں کیوں اور کس وجہ سے بڑھانی پڑیں، نوازشریف نے کہا ہے مجھے عوام کی تکلیف کا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے ہاتھوں پاکستان کو گروی رکھ دیا اگر پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ نہ ہوتا تو مرجاتے قیمتیں نہ بڑھاتے، جیسے ہی بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت ایک ڈالر بھی کم ہوئی تو شہباز شریف اسی دن پیٹرول کی قیمت کم کردیں گے۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ آج امریکا، برطانیہ میں بھی مہنگائی ہے، فتنہ خان کی طرح یہ نہیں کہوں گی گھبرانا نہیں ہے،ہم عوام کو تکالیف سے نجات دلائیں گے، نواز شریف نے 2018 میں لوڈشیڈنگ زیرو کرکے دکھائی، ن لیگ نے سی پیک، میٹرو بس، موٹرویز جیسے میگا پروجیکٹس دیئے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے 2016 میں آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا، لیکن آج پھر عمران خان کی نااہلی اور سستی کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکار ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف تہجد کے وقت اٹھتے ہیں اور فجر کی نماز پڑھ کر عوام کی خدمت میں حاضر ہوجاتے ہیں جبکہ عمران خان کا دن دوپہر 12 بجے سے پہلے شروع نہیں ہوتا تھا۔
مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ حمزہ شہباز کل پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کرینگے، عمران خان سے بڑا پنجاب کا کوئی دشمن نہیں ہے، فتنہ خان نے سب سے بڑا ڈاکہ پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈالا ہے، اب عوام اپنے حقوق اور ترقی کیلئے ن لیگ کو ووٹ دیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ ملک میں مہنگائی لانے والا عمران خان ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا آدمی دیکھا جو حکومت میں آنے کیلئے منت سماجت کررہا ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/H0iVZmX
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box