کراچی کے ضلع کورنگی میں پولیس موبائل کے کار چوری کی واردات میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اے آر وائی نیوز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔
کراچی کے ضلع کورنگی میں پولیس موبائل میں آنے والا شخص شہری کی گھر سے باہر کھڑی کار چوری کرکے لے گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج نے کار چوری میں پولیس کے مبینہ ملوث ہونے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
کورنگی کے علاقے اللہ والا ٹاؤن سیکٹر 31 میں گھر کے باہر کھڑی کار چوری کرلی گئی، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اے پی سی نما پولیس موبائل آکر گلی میں رکتی ہے، جس میں سے سفید شلوار قمیض پہنے کار چور اترتا ہے، پہلے وہ گلی کا جائزہ لیتا ہے پھر کار میں بیٹھ کر چند لمحوں بعد پولیس موبائل کو اشارہ کرتے ہوئے اسے اسٹارٹ کرکے لے اڑتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کار اور پولیس موبائل ایک ساتھ گلی سے باہر نکلتی ہیں جب کہ موبائل کے پیچھے بھی مبینہ طور پر چند افراد بیٹھے ہوئے نظر آ رہے ہیں، واقعے کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے علاقے سے منتخب ایم پی اے راجا اظہر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پولیس نے پہلے متاثرہ شہری کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ یہ پولیس موبائل نہیں بلکہ اس سے ملتی جلتی گاڑی تھی، جب مداخلت کی گئی تو پھر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس کہنا ہے جلد کار برآمد کرالی جائے گی۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/dq9RUrI
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box