راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہہ دیا ہے اسمبلیاں تحلیل ہونگی اگر انہوں نے اسمبلیاں تحلیل نہ کیں تو ان کا سیاسی نقصان ہوگا۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کوئی شک نہیں رہا کہ عمران خان جو فیصلہ کرتے ہیں اس پر قائم بھی رہتے ہیں، عمران خان نے کہہ دیا اسمبلیاں تحلیل ہونگی تو اب اس پر قائم رہا جائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ قومی اسمبلی سے استعفوں کے وقت بھی کچھ لوگوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، قومی اسمبلی سے استعفوں کے وقت بھی عمران خان کے فیصلےکو ترجیح دی گئی۔ آئندہ15دن سیاسی طور پر بہت اہم ہیں،کچھ فیصلے ہونے جارہے ہیں۔ میرا ذاتی خیال ہے اخترمینگل حکومت کو چھوڑ کرجاسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ لوگ کہتے ہیں کہ ڈیفالٹ نہیں ہورہے جبکہ وزراء کہتے ہیں ہمارے پاس پنشن دینے کے بھی پیسے نہیں، موجودہ حکومت ختم ہے ان کا آخری مطالبہ ہے نگراں حکومت کا دورانیہ بڑھایا جائے، جس پرعمران خان راضی نہیں ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کاایک ہی ایجنڈا ہےکہ نگراں حکومت کا دورانیہ بڑھایاجائے، آئی ایم ایف کیساتھ بھی بات نہیں چل رہی، دوست ممالک بھی مدد نہیں کررہے، ہوسکتا ہے آئندہ چند دنوں میں دوسرے اتحادی بھی ساتھ چھوڑ جائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم بھی کہتے تھے کہ5سال پورے کریں گے لیکن ہمیں بھی جانا پڑا، اگر یہ بھی کہتے ہیں مدت پوری کریں گے تو ہوسکتا ہے ایسا نہ ہو، کوشش کی جارہی ہے عمران خان کوالیکشن سےکسی طرح نکالاجائے عمران خان کے بغیرملک میں شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونا دور اندیشی اور بہترین سیاسی فیصلہ ہے، چوہدری شجاعت نے خود مجھے فون کرکے کہا کہ وہ اور پرویزالٰہی ایک ہیں، پی ڈی ایم دفن ہوچکی ہے،13جماعتوں کا سیاسی جنازہ نکل چکا ہے،
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ نیب قانون میں ترامیم والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالیں، جیسے ہی ملک کےحالات خراب ہونگے یہ لوگ بھاگ جائیں گے، عمران خان معین قریشی کی طرح وزیراعظم نہیں آنا چاہتے،وہ وکٹری اسٹینڈ پر نہیں عوام کی تحریک پر ہیں۔ کسی بھی سیاستدان کیلئے جیل سے بڑی چیز گولی لگنا ہوتی ہے اور وہ یہ گولی کھا چکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بڑےدن ہوگئے ہیں ایم کیو ایم نے فون نہیں کیا، ہوا چلتی ہے تو بڑے لوگ اپنا رخ تبدیل کرتے ہیں، ایم کیوایم سے کہتا ہوں گھبرائیں نہیں پیپلزپارٹی بھی آپ کے ساتھ ہاتھ کرے گی، وقت گزر جائےگا تو پیپلزپارٹی کہے گی کہ تم کون اور ہم کون اور وقت گزر گیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان اب اسمبلیاں تحلیل نہیں کرے گا تو ان کا سیاسی نقصان ہوگا، عمران خان کے پاس بھی اب اسمبلیاں توڑنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، سیاسی طور پر15سے30دسمبرتک کاوقت اہم ہے،16،17دن بعدحالات واضح ہوتا دیکھ رہا ہوں۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/geNkAMW
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box