جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ جامعہ کراچی اپنے میڈیکل کالج کے قیام کے لئے مخیر حضرات اور مختلف اداروں سے تواتر کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے تاکہ جلد ازجلد جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج کے قیام کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے شرکاء کو بتایا کہ اگلے تعلیمی سال سے جامعہ کراچی میں میڈیکل کے طلبہ کوبھی داخلے دیئے جائیں گے۔داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی کلاسز جامعہ کراچی میں منعقد ہوگی جبکہ دیگر ضروریات کو پوراکرنے کے لئے شہر کے مختلف اسپتالوں سے اشتراک کیاجائے گا۔
جامعہ کراچی میں اسپتال کے قیام کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کے کنوینر پروفیسرڈاکٹر فیاض وید ہیں جبکہ دیگر ممبران میں ڈین میڈیسن پروفیسرڈاکٹر فریدہ اسلام،ڈاکٹر اکمل وحید،پروفیسرڈاکٹر اقبال اظہر، پروفیسر ڈاکٹر باسط انصاری اور پروفیسرڈاکٹر فرحت حسین جعفری شامل ہیں۔مذکورہ کمیٹی جامعہ میں اسپتال کے قیام کے حوالے سے سفارشات مرتب کرکے شیخ الجامعہ کو پیش کریں گی۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ حال ہی میں ڈاکٹر نادرہ پنجوانی نے جامعہ کراچی میں میڈیکل کالج کے قیام کے لئے بھر پورمعاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی اور کڈنی فاؤنڈیشن کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی اینڈ یورولوجیکل ڈیزیز زاسپتال کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کی سینئر میڈیکل آفیسرڈاکٹر وفاالطاف اور کڈنی فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سکینہ بتول نقوی نے دستخط کئے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق جامعہ کراچی کی حدود میں واقع نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کڈنی اینڈ یورولوجیکل ڈیزیززاسپتال کی جانب سے جامعہ کراچی کے اساتذہ، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کواو پی ڈی، ایمرجنسی، کارڈیک،گردے کے امراض کی تشخیص اور اس کے علاج،ریڈیولوجیکل سروسز ودیگر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/Gr4l3jR
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box