کراچی: فالج سے متاثر ہونے والے معروف اداکار بیماری کے باعث کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور صدر پاکستان سے مالی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور مزاحیہ پروگرام ففٹی ففٹی کے اداکار ماجد جہانگیر فالج کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد بستر مرگ پر ہیں اور انہیں دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہے۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مالی مدد کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اُن کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے وزیراعظم اقدامات و داد رسی کریں گے۔ اداکار نے انکشاف کیا کہ وہ صدر مملکت کو بھی مدد کے حوالے سے خط تحریر کرچکے ہیں مگر اُس کا کوئی جواب نہیں آیا۔
ماجد جہانگیر نے کہا کہ گورنر سندھ نے مالی امداد کا اعلان کیا مگر اُس پر عمل نہیں ہوا۔
ماجد جہانگیر نے کہا کہ حالات کی وجہ سے فاقوں تک کی نوبت آگئی ہے، اگر پڑوسی کھانا بھیجتے ہیں تو کچھ کھا لیتا ہوں ورنہ کئی کئی دن بھوکار رہنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کی وجہ سے میں کچھ کرنے کے قابل نہیں رہا، افسوس ہے کہ فنکار برادری نے بھی مجھے بھلا دیا ہے۔
معروف کامیڈین نے وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت عارف علوی سے مطالبہ کیا کہ فنکاروں کے فنڈز میں سے ان کا ماہانہ وظیفہ مقرر کردیا جائے تاکہ وہ اشیائے ضروریہ اور ادویات خرید سکیں۔
ماجد جہانگیر کے کیریئر پر ایک نظر
واضح رہے کہ ماجد جہانگیر گزشتہ پچاس برس سے فنون لطیفہ سے وابستہ رہے، وہ 2015 سے صحت کے مسائل کی وجہ سے غربت کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں اپنے پرانے دو کمروں کے اپارٹمنٹ کے ایک کونے میں بیٹھے سراسر اداسی کے ساتھ 64 سالہ اداکار کے پاس زندگی کے بارے میں وضاحت کرنے کے لئے بہت کچھ ہے۔
ماجد جہانگیر نے متعدد تمغے اور ایوارڈ حاصل کیے، انہوں نے 80 کی دہائی میں مشہور زمانہ ٹی وی کامیڈی شو ففٹی ففٹی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا ۔ یہ مشہور ڈرامہ 1979 سے 1985 تک نشر کیا گیا۔
ماجد نے چار پاکستانی فلموں کے ساتھ 35 سے زائد اسٹیج شو اور ریڈیو ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دیکھائے، لیکن موجودہ دور میں ان کے لئے زندگی بسر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں 20 سال سے زائد عرصہ تک پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کے لئے کام کیا۔
The post معروف اداکار فاقوں کی زندگی گزارنے پر مجبور، وزیراعظم سے مدد کی اپیل appeared first on ARYNews.tv | Urdu - Har Lamha Bakhabar.
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/3iXRDEm
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box