تازہ ترین

Post Top Ad

Adstera 2

Tuesday, 22 March 2022

ملک بھر میں ’’یوم پاکستان‘‘ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا

 اسلام آباد: ملک بھر میں یوم پاکستان قومی و ملّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا،دن کاآغازمساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوگا،پاک فوج کی طرف سے توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔

یہ قرارداد لاہور منٹو پارک میں میں پیش کی گئی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔ منٹوپارک  کے مقام پرآج گریٹراقبال پارک موجود ہے۔

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ دن کے آغازپرلاہورکی بادشاہی مسجد سمیت دیگرمساجدمیں نمازفجرکے بعد ملک کی ترقی،خوشحالی،سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے، پاک فوج کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائے گی۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ کی اہم تقریب اسلام آباد میں ہوگی، جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات اور غیر ملکی مہمان شرکت کریں گے۔

کراچی میں قائد اعظم جبکہ لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقریب ہوگی ، جس میں اعلیٰ حکومتی، عسکری شخصیات کی شرکت متوقع ہے، اس کے بعد عام شہریوں کو مزاراقبال اور قائد اعظم کی قبور پر حاضری دینے کی اجازت دی جائے گی۔

پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں بھی یوم پاکستان بھرپورطریقے سے منائیں گی، گرجا گھروں، مندروں اورگوردواروں میں بھی ملکی سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان کا بیان

وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 23 مارچ  تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات  پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید  کا دن ہے، آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے بے مثال قربانیوں کے ذریعے قوم کو متحد کرنے کی جدوجہد کی۔

عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان ایک طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا  اور اب اس کے استحکام اور ترقی کی کلید سخت محنت ، دیانتداری اور اخلاقیات  میں  مضمر ہے، یہ دن مناتے ہوئے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے سنہری اصولوں ایمان ، اتحاد اورتنظیم پر کاربند رہنے کی ضرورت ہے، ہمیں خود کو  ریاست مدینہ کی طرز پر ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کیلئے وقف کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجوں کا ادراک کرنا چاہیے، ہماری حکومت نے غربت کے خاتمے اور انصاف کے فروغ کیلئے طویل المدت اصلاحات متعارف کرائیں اور اقدامات اٹھائے ہیں، ہماری توجہ معاشرے کے نظرانداز کیے جانے والے طبقے اور انہیں مساوی مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام نوجوانوں، کاشت کاروں، چھوٹے کاروبار اورکم لاگت کے مکانات کے شعبہ کیلئے زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے، قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام سے تمام شہریوں کو  صحت کی ہمہ گیر سہولیات فراہم ہوں گی جو ملک کی تاریخ میں ایک بے مثال پروگرام ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں جس میں سابقہ حکومتوں نے خلل ڈالا تھا، ماضی کی حکومتوں  نے قومی مفاد اورعوام کی فلاح وبہبود کی بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دی، کرپشن کے خاتمے اور اخلاقی معیارات کو بلند کرنے کی جدوجہد کیلئے اسی جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ  ہمارے آبا و اجداد نے تحریک آزادی کے دوران کیا تھا۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کو ملک کے عظیم بانیان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں کہا کہ یوم ِ پاکستان برصغیر کی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم دن ہے، 1940ء میں اس دن مسلمانوں نے ’’جداگانہ انتخاب‘‘ کی بجائے ’’علیحدہ ریاست‘‘ کا مطالبہ کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ’اس دن مسلمانوں نے انگریزوں پر واضح کر دیا کہ کانگریس مسلمانوں کی نمائندہ سیاسی جماعت نہیں، اس دن مسلمانوں نے واضح کیا کہ برصغیر کی تقسیم میں مزید تاخیر نہیں کی جا سکتی، ہمارا فرض ہے کہ ہم قوم کیلئے بروقت اور دانشمندانہ سیاسی فیصلے لینے والے بانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں‘۔

صدر مملکت نے کہا کہ ’وقت نے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے مطالبے کو سیاسی طور پر درست ثابت کیا ہے، جموں و کشمیر، بھارت میں مسلمانوں کی صورت حال واضح ثبوت ہیں کہ متحدہ ہندوستان میں ہندو اکثریت کے رحم و کرم پر مسلمانوں کا کیا حشر ہوتا، ہمیں مختلف قومیتوں اور اقلیتوں کو ایک قوم میں یکجا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کو درپیش تمام چیلنجز پر اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جا سکتا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک معاشی طور پر مضبوط اور خوش حال ملک بن جائے گا،  ہمیں اپنے آباؤ اجداد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے مل کر قومی اتحاد اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے‘۔

 

The post ملک بھر میں ’’یوم پاکستان‘‘ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا appeared first on ایکسپریس اردو.



source https://www.express.pk/story/2300894/1

No comments:

Post a Comment

please do not enter ant\y spam link in comment box

Post Top Ad

مینیو