پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی، آندھی اور بارشوں سے 25 افراد جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختون خوا کے جنوبی اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، دیواریں، چھتیں اور درخت گرنے سے بچوں سمیت پچیس افراد جاں بحق، 145 افراد زخمی ہو گئے، جب کہ آندھی اور بارشوں سے 69 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق بنوں میں بچوں سمیت 12، لکی مروت میں بچوں سمیت 5، کرک میں 4 افراد جاں بحق ہوئے، ڈیرہ اسماعیل خان میں 6 سال کا بچہ جاں بحق ہو گیا۔
ہنگو اورکوہاٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش برسی، سوات میں تیز بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔
ادھر بنوں، لکی مروت سمیت بارش سے متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، پاک فوج کی امدادی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، زخمیوں کو ضلعی اسپتالوں میں پاک فوج کی مدد سے منتقل کیا گیا۔ صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بارش سے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیر اعظم نے متاثرہ علاقوں میں امداد اور بحالی کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں، خوشاب میں 3 بچیاں جاں بحق ہو گئی ہیں، حافظ آباد میں دیوار گرنے سے ایک شخص، قائد آباد میں خاتون جاں بحق ہو گئی، بھکرمیں 15 افراد زخمی ہوئے، صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی تیز آندھی اور بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آئے۔
موسم خرابی کے باعث متعدد پروازوں کے رخ تبدیل کرنے پڑے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق دبئی سے اسلام آباد اور لاہور آنے والی پروازوں کا رخ ملتان کی طرف موڑا گیا، ٹورنٹو سے لاہور آنے والی پرواز کو اسلام آباد موڑا گیا، کراچی سے لاہور جانے والی پرواز کا رخ اسلام آباد موڑا گیا، ابوظبی سے اسلام آباد آنے والی پروازوں کا رخ ملتان موڑا گیا، لاہور سے مدینہ منورہ، لاہور سے ابوظبی اور لاہور سے کراچی جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، کراچی سے لاہور جانے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوئی، جب کہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئی۔
دوسری طرف طوفان بیپر جوائے کراچی سے 810 کلو میٹر دور رہ گیا ہے، بدھ یا جمعرات تک سندھ اور مکران کے ساحلوں سے ٹکرا جائے گا، جس سے ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، طوفان کے باعث ڈیڑھ سو کلو میٹر رفتار کی ہوائیں چلیں گی، کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے تیز آندھی، سمندری طوفان اور سیلاب کی زد میں آ سکتے ہیں، اس دوران سمندر میں شدید طغیانی کی کیفیت رہے گی، کراچی کے ساحل پر دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کر دی گئی ہے، ماہی گیروں کو 12 جون سے طوفان کے اختتام تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/vcqi4s3
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box