ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان کے بعد مشہور ریپر، گلوکار اور اداکار یو یو ہنی سنگھ کو بھی قتل کی دھمکی مل گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یو یو ہنی سنگھ آج گولڈی برار نامی شخص کی جانب سے دھمکی آمیز فون کال موصول ہونے کے بعد دہلی پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچے۔ گولڈی برار اُسی گینگ کا حصہ ہے جس نے آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کو بیچ سڑک پر گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔
پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچنے کے بعد یو یو ہنی سنگھ نے میڈیا سے مختصر گفتگو بھی کی لیکن انہوں نے دھمکی آمیز فون کال اور پولیس حکام سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ انہوں نے صرف اتنا کہا کہ میرے اسٹاف کو گولڈی برار نامی شخص کی فون کال موصول ہوئی۔
متعلقہ: یو یو ہنی سنگھ اپنے مشہور گانے سے متعلق انکشاف
ریپر و گلوکار نے کہا کہ میں نے آج تک لوگوں سے صرف محبت ہی وصول کی ہے، یہ پہلی بار ہے کہ کوئی مجھے دھمکی دے رہا ہے، میں خوفزدہ ہوں اور اسی لیے پولیس سے تحفظ مانگنے آیا ہوں۔
دریں اثناء دہلی پولیس نے ان کی درخواست پر گولڈی برار نامی کالر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ یو یو ہنی سنگھ کو کال موصول ہوئی جس میں ان سے 50 لاکھ روپے کی رقم کا مطالبہ کیا گیا، گلوکار کو دھمکی دی گئی کہ اگر رقم نہ ملی تو قتل کر دیں گے۔
حکام نے بتایا کہ فون کال کے علاوہ ان کے اسٹاف کو میسیجز اور واٹس ایپ پر وائس نوٹس بھی موصول ہوئے۔
گولڈی برار کا پورا نام ستوندرجیت سنگھ ہے جو 1994 میں پیدا ہوا۔ اس نے بی اے کی ڈگری حاصل کی جبکہ 2017 میں اسٹوڈنٹ ویزا پر کینیڈا کا دورہ کیا۔ ایک فیس بک پوسٹ میں اس نے سدھو موسے والا پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/ckiOtdQ
via IFTTT
No comments:
Post a Comment
please do not enter ant\y spam link in comment box